نئی دہلی،02؍جولائی (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)پنجاب نیشنل بینک کے ساتھ تقریبا 13 ہزار کروڑ روپے کا لون فراڈ کرنے کے اصل ملزم نیرو مودی کے خلاف انٹرپول نے ریڈکارنر نوٹس جاری کر دیا ہے۔ اس معاملہ کی جانچ کر رہی سی بی آئی نے انٹرپول سے نیرو مودی کے خلاف ریڈکارنر نوٹس جاری کرنے کی اپیل کی تھی جسے اس بین الاقوامی ایجنسی نے مان لیا ہے۔
انٹرپول کی طرف سے جاری اس نوٹس میں تمام رکن ممالک سے مفرور ہیرا کاروباری نیرو مودی کو فورا حراست میں لینے یا گرفتار کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
گزشتہ ہفتے ہی وزارت خارجہ کے حکام نے سی بی آئی اور ای ڈی کے حکام کے ساتھ ملاقات کی تھی۔ اس میٹنگ کے دوران سوال اٹھائے گئے کہ فروری میں پاسپورٹ منسوخ ہونے کے باوجود نیرو مودی کیسے ایک سے دوسرے ملک میں گھوم رہا ہے۔